۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے حرم امام رضا(ع) میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم

حوزہ/ پاکستان کے شہر پشاور کی شیعہ جامع مسجد میں نمازیوں پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم منعقد کی گئي۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گذشتہ چار مارچ کو پاکستان کے شہر پشاور کے قصہ خوانی بازار کی شیعہ مسلمانوں کی مسجد امامیہ میں نماز جمعہ کے دوران سامراجی طاقتوں کے آلہ کار دہشت گردوں نے خود کش دہشت گردانہ حملہ کرکے تقریباً 66 نمازیوں کو شہید کردیا تھا جن میں بچے بھی شامل تھے اس سفاکانہ اور دہشت گردانہ حملے میں دوسو نمازی زخمی بھی ہوئے تھے ۔

تصویری جھلکیاں: روضہ امام رضا (ع) میں سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور مجلس ترحیم

سانحہ پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں میں مجالس ترحیم کا انعقاد کیا گیا اور مراجع عظام و علمائے کرام کی جانب سے دہشتگردی کے اس واقعے کی پرزور مذمت کی گئي ۔

سانحہ پشاور کے شہدا کی یاد اور ان کے ایصال ثواب کے لئے 12 مارچ، 2022 کو حرم امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ کی جانب سے نماز مغربین کے بعد امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے رواق امام خمینیؒ میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین و مجاورین نے بھرپور شرکت کی۔

اس پروگرام میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی ،عالمی اسمبلی اہلبیت (ع) کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ رضا رمضانی اور کئی دیگر مذہبی و سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کے آغاز میں بین الاقوامی قاریان قرآن علی رضا رضایی اور جواد قاسمی نے قرآن کریم کی تلاوت کی جس کے بعد سانحہ پشاور کے بارے میں حرم مطہر کے متولی حجت الاسلام مروی کا بیان اردو زبان زائرین کے لئے اردو زبان میں پڑھا گیا جس میں انہوں نے بڑی تعداد میں نمازیوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار لواحقین کو تعزیت پیش کی اور سانحہ پشاور کی مذمت کی ۔

ایران کے مشہورمداح اور نوحہ خوان جناب واعظ واعظی نے مرثیہ اور نوحہ خوانی کی اور پروگرام کے اختتام پر عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کے جنرل سیکرٹری آیت اللہ رضا رمضان نے مجلس کو خطاب کیا ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہدائے پشاور کے ہفتم کی مناسبت سے بھی حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں قرآن خوانی اور مجلس ایصال ثواب برپا کی گئي تھی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .